ریاستی مخلوط حکومت جموں و کشمیر کو تباہی و بربادی کی جانب ڈھکیل رہی ہے:نیشنل کانفرنس

سری نگر:جموں وکشمیر کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت نیشنل کانفرنس نے پی ڈی پی ، بی جے پی کی مخلوط حکومت پر ریاست کو تباہی اور بربادی کی طرف لے جانے کا الزام لگایا ہے۔ پارٹی نے دعویٰ کیا ہے کہ ریاست کے مسلم اکثریتی کردار اور خصوصی پوزیشن کو مسخ کرنے کی بھی بڑے پیمانے پر سازشیں رچائی جارہی ہیں۔
پارٹی کے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفےٰ کمال نے بدھ کے روز یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر نوائے صبح کمپلیکس میں کارکنوں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ’موجودہ نااہل حکمران ریاست کو تباہی اور بربادی کی طرف لے جارہے ہیں، ریاستی عوام کے مشکلات میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جارہا ہے، بے روزگار کی حدیں پار ہوچکی ہیں، تاجروں کے حقوق پر شب خون مارا جارہا ہے جبکہ ریاست کے مسلم اکثریتی کردار اور خصوصی پوزیشن کو مسخ کرنے کی بھی بڑے پیمانے پر سازشیں رچائی جارہی ہیں‘۔
انہوں نے الزام لگایا کہ ریاست کی خصوصی پوزیشن اور خصوصی مراعات کو دھچکا لگنے کا اندیشہ ا±سی روز ظاہر ہوگیا تھا جب پی ڈی پی نے بھاجپا کے ساتھ اتحاد کرکے بھگوا جماعتوں کے کشمیر دشمن ایجنڈا پر کام شروع کیا تھا۔

Title: coalition government destroying jk says sheikh mustafa kamal | In Category: کشمیر  ( kashmir )