کشمیر کے کلگام میں حزب المجاہدین کے دو انتہا پسند ہلاک،ایک گرفتار

سری نگر:جموں و کشمیر کے کلگام ضلع میں سلامتی دستوں اور انتہا پسندوں کے درمیان آج صبح تصادم میں حزب المجاہدین (ایچ ایم) کے دو انتہا پسند مارے گئے۔ وزارت دفاع کے ترجمان کرنل راجیش کالیا نے یو این آئی کو بتایا کہ کلگام کے خودوانی میں انتہا پسندوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع کی بنیاد پر سینٹرل ریزرو پولیس دستہ ، فوج اور جموں و کشمیر پولیس کی خصوصی مہم نے علاقے کی تلاش مہم شروع کی۔
سلامتی دستوں نے پورے علاقے کا محاصرہ کرکے جیسے ہی تلاشی مہم شروع کی وہاں پہلے سے چھپے ہوئے انتہا پسندوں نے خود کار ہتھیاروں سے فائرنگ شروع کردی۔ سلامتی دستوں نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے دونوں انتہا پسندوں کو مار گرایا۔ کرنل کالیا کے مطابق مارے گئے دونوں انتہا پسندوں کی لاشیں بر آمد کرلی گئی ہیں۔ ان کے پاس سے ہتھیار بھی بر آمد کئے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ مڈبھیڑ ختم ہوچکی ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق مارے گئے دونوں انتہا پسند حزب المجاہدین کے ہیں۔ ذرائع کے مطابق مڈبھیڑ والی جگہ سے ایک مشتبہ شخص کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔ سلامتی دستے اس سے پوچھ تاچھ کرنے کی کوشش کررہے ہیں کہ گرفتار کیا گیا شخص انتہا پسند ہے یا عام شہری۔

Title: two militants killed one captured in kulgam | In Category: کشمیر  ( kashmir )
Tags: ,