عوامی اتحادپارٹی کے سربراہ انجینیر شیخ عبد الرشید گیلانی والی حریت کانفرنس میں شامل ہونے تیار

سری نگر:عوامی اتحاد پارٹی (اے آئی پی) کے سربراہ اور ممبر اسمبلی لنگیٹ (شمالی کشمیر) انجینئر شیخ عبدالرشید نے بزرگ علیحدگی پسند راہنما اور حریت کانفرنس (گ) چیئرمین سید علی گیلانی کے بیان پر لبیک کہتے ہوئے کہا ہے کہ وہ حق خود ارادیت کی تحریک کے وسیع تر مفاد میں حریت میں شامل ہونے کے لئے تیار ہیں۔ مسٹر گیلانی نے بدھ کے روز اپنے ایک بیان میں وادی میں تمام مین اسٹریم سیاست دانوں کو مشورہ دیا کہ انہیں چاہیے کہ دیرینہ مسئلہ کشمیر کو حل کرانے میں تحریک کے صفوں میں شامل ہوجائیں اور حق خودارادیت کی اس تحریک کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں اپنا رول ادا کریں۔
انجینئر رشید نے جمعرات کو یہاں مسٹر گیلانی کے بیان کے تناظر میں بلائی گئی ایک پریس کانفرنس میں کہا ’یہ وقت ایک دوسرے پر الزام تراشی کرنے کا نہیں بلکہ ایک ہوکر مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے کام کرنے اور نئی دلی کو جموں کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو بدلنے کی کوششوں سے روکنے کا وقت ہے‘۔.انہوں نے کہا کہ مسٹر گیلانی کی جانب سے مین اسٹریم پارٹیوں کو مزاحمتی خیمے میں آنے کی اپیل کرنا اپنے آپ میں اہم ہے اور سبھی مخلص لوگوں کو اس کا خیر مقدم کرنا چاہیے اور اس کا مثبت جواب دینا چاہیے۔
انہوں نے کہا’گزشتہ آٹھ سال کے دوران میں کئی بار مسٹر گیلانی سے ملتا رہاہوں اور انہیں اپنی طرف سے حمایت کی پیشکش بھی کرچکا ہوں جس کا وہ کوئی تین سال قبل ایک بیان میں اعتراف بھی کرچکے ہیں۔ حال ہی مزاحمتی لیڈر میرواعظ مولوی عمر فاروق نے بھی کہا ہے کہ انجینئر رشید عوام کی خواہشات و جذبات کے مطابق کام کر رہے ہیں اورمزاحمتی قیادت ہی کی طرح حق خود ارادیت کے مطالبے کے وکیل ہیں‘۔ انہوں نے کہا ہے کہ سید علی گیلانی نے مخلصانہ اپیل کی ہے جسے سنجیدگی سے لیا جانا چاہیے اور ہر سنجیدہ طبقے کو اس کا مثبت رد عمل ظاہر کرنا چاہیے۔

Title: aip chief engineer sheikh abdul rashid ready to join hurriyat | In Category: کشمیر  ( kashmir )