وزیر دفاع ارون جیٹلی نے ایل او سی پر تعینات فوجیوں کے حوصلے بڑھائے

سری نگر:مرکزی وزیر دفاع ارون جیٹلی نے جمعہ کے روز شمالی کشمیر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے اگلے علاقوں کا دورہ کرکے فوجیوں کو یقین دہانی کرائی کہ ’پورا ملک ان کے ساتھ کھڑا ہے‘۔ مسٹر جیٹلی جو یہاں شہرہ آفاق ڈل جھیل کے کناروں پر واقع شیر کشمیر انٹرنیشنل کنونشن کمپلیکس (ایس کے آئی سی سی) میں جمعرات سے جاری ’گڈس اینڈ سروسز ٹیکس (جی ایس ٹی) کونسل‘ کے 14 ویں اجلاس کی صدارت کرنے کے سلسلے میں آئے ہوئے ہیں، کو فوج کے سینئر افسران نے 17 مئی کو سری نگر پہنچنے کے ساتھ ہی تفصیلی بریفنگ دی تھی۔ وزارت دفاع کے ایک ترجمان نے بتایا کہ مسٹر جیٹلی نے آج شمالی کشمیر میں رام پور سیکٹر کے اگلے علاقوں کا دورہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ بارہمولہ میں مقیم ڈویڑن کے جے او سی میجر جنرل آر پی کلیتابھی مسٹر جیٹلی کے ہمراہ تھے۔ دفاعی ترجمان نے بتایا کہ مسٹر جیٹلی نے لائن آف کنٹرول کی حفاظت پر مامور فوجیوں کے ساتھ بات چیت کرکے ان کے تحمل، عزم اور قوم کی بے لوث خدمت کی سراہنا کی۔ مسٹر جیٹلی نے فوجیوں کے درمیان ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جن مشکل حالات میں فوجی جوان اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں ، کو پورے ملک نے تسلیم کیا ہے اور وہ (ملک کی عوام) فوجیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے اس موقعہ پر ملک دشمن عناصر کی مذموم حرکتوں کو ناکام بنانے کے لئے سرحدوں پر ہر وقت سخت چوکسی برقرار رکھنے کی ضرورت کا اعادہ کیا ۔ یہ امر یہاں قابل ذکر ہے کہ وزارت دفاع کا اضافی چارج سنبھالنے کے بعدیہ مسٹر جیٹلی کا ایل او سی کا پہلا دورہ ہے۔

Title: kashmir jaitley visits loc hails jawans role | In Category: کشمیر  ( kashmir )