فوج سرحد پار حملے کا منہ توڑ جواب دینے کے لئے تیار رہے:وزیر دفاع جیٹلی

سرینگر :وزیردفاع ارون جیٹلی نے فوجی جوانوں کو لائن آف کنٹرول(ایل او سی)اور بین الاقوامی سرحد(آئی بی)پار سے کسی بھی حملے کا منھ توڑ جواب دینے کے لئے تیار رہنے کہا اور ساتھ ہی انہوں نے قومی سلامتی کےلئے ان چیلنج بھرے حالات کا سامنا کررہے ہر ایک فوجی کی بہادری،قربانی اور جذبہ حب الوطنی کی زبردست ستائش بھی کی۔
مسٹر جیٹلی نے پاکستانی فوج کے ہاتھوں دوہندوستانی فوجیوں کے سر قلم کرنے کے واقعات کے کئی روز بعد کل رات یہاں فوج کے سینئر کمانڈروں کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی سکیورٹی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ پورے ملک کو فوجیوں پر فخر ہے۔میٹنگ میں موجود فوج کے سربراہ جنرل بپن راوت نے وزیردفاع کو ایل او سی اور آئی بی کی صورت حال کے بارے میں تفصیلی معلومات دی۔ پونچھ میں ایل او سی پر دو ہندوستانی فوجیوں کی لاشوں کی بے حرمتی کئے جانے کے بعد پاکستانی فوجی ایل او سی اور آئی بی پر روزبروزجنگ بندی کی خلاف ورزی کررہے ہیں۔
.نئی دہلی سے کل شام یہاں پہنچے مسٹر جیٹلی یہاں جی ایس ٹی کونسل کی 14ویں میٹنگ کی صدارت کریں گے۔مسٹر جیٹلی کو دہشت گردانہ سرگرمیوں،طلبہ کے پتھراؤ اور جنگ بندی کی خلاف ورزی کے بارے میں معلومات دی گئی۔ وزیردفاع نے ایل او سی اور آئی بی پر تعینات فیلڈ کمانڈروں کوسرحد پار سے کسی بھی حملے کا منہ توڑ جواب دینے کےلئے کہا۔فوجی کمانڈروں نے مسٹر جیٹلی کو بتایا کہ سرحد پار سے کسی بھی ایسی حرکت کےلئے پہلے سے ہی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ مسٹر جیٹلی کو بتایا گیا کہ بڑی تعداد میں پاکستان کے قبضے والے کشمیر(پی او کے)کےتربیت یافتہ دہشت گرد اس پار دراندازی کرنے کا انتظار کررہے ہیں۔حالانکہ فوجی کمانڈر وںنے کہا کہ سرحدوں پر تعینات فوجی دراندازی کی کسی بھی کوشش کو ناکام کرنے کےلئے پوری طرح محتاط ہیں۔
مسٹر جیٹلی کو علاقے میں حالات معمول پر لانے کےلئے سبھی سرکاری ایجنسیوں کے درمیان قریبی تال میل کے بارے میں بتایا گیا۔ تاہم مسٹر جیٹلی نے کہا کہ سماج دشمن عناصر سے نمٹنے کے دوران بے قصور لوگوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔ وزیردفاع کو وادی کی صورت حال کے بارے میں تفصیل سے بتایا گیا۔انہیں جنوبی کشمیر کے اضلاع کے بارے میں خاص طورپر معلومات دی گئی جہاں 50سے زیادہ مقامی لوگ انتہاپسندی کے راستے پر چلے گئے ہیں۔ وزیردفاع کا اضافی چارج لینے کے بعد مسٹر جیٹلی کی وادی کشمیر کا یہ پہلا دورہ ہے۔

Title: defence minister arun jaitley in kashmir asks army to give befitting reply | In Category: کشمیر  ( kashmir )