کشمیر کے اسکول و کالجوں میں احتجاجی مظاہرے،سیکورٹی فورسز کی کاروائی میں 2 درجن طلبا زخمی

سری نگر: وادی کشمیر کے قریب دو درجن تعلیمی اداروں بالخصوص ڈگری کالجوں میں پیر کے روز شدید احتجاجی مظاہرے بھڑک اٹھے جس کے دوران سیکورٹی فورسز نے دارالحکومت سری نگر میں واقع تاریخی سری پرتاب (ایس پی) کالج، شوپیان، بارہمولہ، سوپور، ہندواڑہ اور پلوامہ میں احتجاجی طلباءکو منتشر کرنے کے لئے لاٹھی چارج، پانی کی بوچھاروں اور آنسو گیس کے گولوں کا استعمال کیا۔
طلباء اور سیکورٹی فورسز کے مابین ہونے والی ان جھڑپوں میں قریب دو درجن طالب علموں اور متعدد سیکورٹی فورس اہلکاروں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے صورتحال کو انتہائی پریشان کن قرار دیا ہے۔ وادی میں طلباءکے یہ احتجاجی مظاہرے 15 اپریل کو ڈگری کالج پلوامہ میں طالب علموں کے خلاف مبینہ طور پر سیکورٹی فورسز کی جانب سے طاقت کے بے تحاشا استعمال کے خلاف کئے گئے۔

Title: kashmir unrest protesting students clash with police | In Category: کشمیر  ( kashmir )