عامر خان کی فلم ’تھری ایڈیٹس‘ سے ترغیب پا کرلداخ کے ایک طالب علم نے ہوائی جہاز بنادیا

سری نگر: ٍبالی ووڈ کے معروف اداکار عامر خان کی مشہور فلم ’تھری ایڈیٹس‘ سے ترغیب پاکر جموں وکشمیر کے لداخ خطہ کے ایک طالب علم نے ہوائی جہاز بناڈالا ہے۔ مذکورہ طالب علم کا تخلیق کردہ ہوائی جہاز ان دنوں دنیا کا ’سرد ریگستان‘ کہلائے جانے والے لداخ میں لداخیوں اور سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن چکا ہے۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ بالی ووڈ کی ترغیب آمیز فلم ’تھری ایڈیٹس‘ کی عکس بندی دہلی، بنگلور، ممبئی، شملہ کے ساتھ ساتھ لداخ خطہ میں بھی ہوئی تھی۔ اس فلم میں بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ کہلائے جانے والے عامر خان نے سائنسداں ’ونسک وانگڈو‘ کا رول نبھایا تھا، جو دیہی علاقوں میں زندگی کو آسان بنانے کے لئے ٹیکنالوجی کا استعمال کررہا تھا۔ لداخ کی وادی نوبر ا سے تعلق رکھنے والے سونم سٹینزن نامی طالب علم نے ’ہوائی جہاز‘ بنانے کے پروجیکٹ پر سال 2012 ء میں میٹک پاس کرنے کے بعد کام شروع کیا، جو اس وقت اپنے آخری مرحلے میں ہے۔
انہوں نے اپنے تخلیق کردہ ہوائی جہاز کے لئے ری سائیکل مواد کا استعمال کیا ہے۔ سائنس اور ٹیکنالوجی میں زبردست دلچسپی رکھنے والا سٹینزن بچپن سے ہی کوئی منفرد کارنامہ سرانجام دینے کا خواب رکھتا تھا۔ سٹینزن کی چیزوں کو فضا میں اڑانے کی دلچسپی 15 سال کی عمر میں اس وقت پیدا ہوئی تھی جب وہ نویں جماعت میں زیر تعلیم تھا۔
اس کے لئے انہوں نے کئی ایک اختراعی پروجیکٹوں پر تجربہ کیا۔ سٹینزن کو سرکار کی طرف سے تو کوئی مالی مدد نہیں ملی لیکن اس کے والد نے اسے اپنا خواب پور کرنے میں بھرپور ساتھ دیا۔

Title: inspired from 3 idiots ladakh boy creates airplane | In Category: کشمیر  ( kashmir )